ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سرسی : آسام میں مسلمانوں کو زبردستی  بے گھر کرنے کی پرتشدد کارروائی ۔ ایس ڈی پی آئی نے کیا احتجاجی مظاہرہ

سرسی : آسام میں مسلمانوں کو زبردستی  بے گھر کرنے کی پرتشدد کارروائی ۔ ایس ڈی پی آئی نے کیا احتجاجی مظاہرہ

Wed, 29 Sep 2021 23:04:21    S.O. News Service

سرسی،29/ ستمبر (ایس او نیوز) آسام کے درانگ ضلع میں غیر قانونی قبضہ ہٹانے کے نام میں 500 مسلم خاندانوں سے تعلق رکھنے والے 8000 سے زائد افراد کو زبردستی بے گھر کرنے کی ظالمانہ کارروائی اور پولیس تشدد اور فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا  سرسی سداپور حلقہ کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا گیا اور اسسٹنٹ کمشنر کو میمورنڈم پیش کیا گیا ۔

میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ دارنگ علاقے میں صدیوں  سے جو مسلمان آباد ہیں انہیں بنگالی گھس پیٹھیے قرار دے کر پوری آبادی کو نیست و نابود کرنے کی جو کوشش آسام حکومت اور پولیس کررہی ہے وہ انسانی حقوق کی کھلی پامالی ہے ۔ اپنے مکانات کے تحفظ اور جینے کے حق کے لئے احتجاج کرنے والے نہتے مسلمانوں پر پولیس کا لاٹھی چارج کرنا اور فائرنگ میں ہوئی ہلاکتیں غیر انسانی حرکت ہے ۔  ایس ڈی پی آئی اس کی کڑی مذمت کرتی ہے ۔ پولیس فائرنگ میں ایک عام انسان کو ہلاک کرنے کے بعد اس کی لاش پر فوٹوگرافر کی اچھل کود اس وقت ملک میں مسلمانوں کے خلاف پائی جانے والی انتہائی نفرت کی زندہ مثال ہے ۔ اور مسلمانوں کے خلاف یہ نفرت فسطائی طاقتوں کے ذریعے عوام کے ذہنوں میں بھری گئی ہے ۔

میمورنڈم میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ جس زمین سے وہاں پر آباد مسلمانوں کو خالی کروایا جارہا ہے اس کے بدلے انہیں مناسب رہائشی زمین فراہم کی جائے ۔ جن کا جانی و مالی نقصان ہوا ہے انہیں آسام حکومت کی طرف سے ہرجانہ ادا کیا جائے ۔ 

اس موقع پر ایس ڈی پی آئی ضلع شمالی کینرا کے جنرل سیکریٹری عارف رضا، حلقہ کے صدر اسلم ایم حسین، تعلقہ سیکریٹری منصور علی، کمیٹی کے اراکین عبدالقادر، ابراہیم زکاتی اور پارٹی کارکنان موجود تھے۔


Share: